ایران نے جنگ کے دوران خلیجی ممالک کی 84 اہم تنصیبات پر 135 حملے کیئے
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اکتوبر ۔2026 ) ایران اور اس کے اتحادیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں نے خلیجی ممالک میں توانائی، تیل کی ترسیل، ہوائی اڈوں اور دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا 28 فروری 2026 کو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف بمباری شروع ہونے کے بعد خلیجی خطے میں کم از کم 84 اہم تنصیبات پر 135 حملوں کی نشاندہی کی گئی ہے. عالمی خبررساں ادارے ”رائٹرز“کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حملوں میں ایسے حساس آلات اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن کی خرابی سے تیل، گیس اور دیگر صنعتی سرگرمیاں طویل عرصے کے لیے متاثر ہو سکتی ہیں رپورٹ میں سیٹلائٹ تصاویر، ویڈیوز، سرکاری بیانات اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد کے انٹرویوز کی مدد سے نقصان کا جائزہ لیا گیا. تحقیق کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، عراق، عمان اور بحرین میں مختلف تنصیبات حملوں کی زد میں آئیں رپورٹ میں متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کو خاص طور پر اہم قرار دیا گیا ہے، کیونکہ اس کا محل وقوع آبنائے ہرمز کے باہر تیل کی ترسیل کے لیے متبادل راستہ فراہم کرتا ہے. رائٹرز کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد فجیرہ کی تنصیبات پر کم از کم 19 حملے ہوئے تحقیق میں بتایا گیا کہ اہم پائپ لائن نظام اور تیل کی منتقلی کے آلات کو نقصان پہنچنے سے بندرگاہ کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، جبکہ مئی میں ہونے والے ایک حملے کے بعد صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات تقریباً ایک ماہ تک شدید متاثر رہیں. تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق قطر کی راس لفان مائع قدرتی گیس کی تنصیبات میں گیس کو مائع بنانے کے لیے استعمال ہونے والے اہم آلات کو نقصان پہنچا قطر انرجی کے سربراہ نے بتایا تھا کہ تباہ شدہ اہم آلات کی مکمل مرمت میں تین سے پانچ سال لگ سکتے ہیں رپورٹ میں سعودی عرب کی مشرق سے مغرب جانے والی تیل پائپ لائن اور دیگر تیل تنصیبات پر حملوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے اس پائپ لائن کی اہمیت اس لیے بڑھ جاتی ہے کہ اس کے ذریعے سعودی تیل کو آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر بحیرہ احمر کی جانب منتقل کیا جا سکتا ہے. رائٹرز کے مطابق ان حملوں سے تیل کی عالمی رسد، صنعتی پیداوار اور خطے کی معیشت پر وسیع اثرات مرتب ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنگ کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا تحقیق کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ بعض خلیجی حکومتوں نے حملوں کے بعد نقصانات کو روک لیے گئے میزائلوں یا ڈرونز کے ملبے سے منسوب کیا جبکہ رائٹرز کی جانب سے جائزہ لیے گئے شواہد میں کئی مقامات پر اہم آلات کو براہِ راست نقصان پہنچنے کے آثار سامنے آئے تاہم رپورٹ یہ بھی واضح کرتی ہے کہ ہر مقام کا مکمل نقصان آزادانہ طور پر متعین کرنا ممکن نہیں تھا بعض حکومتوں اور متعلقہ اداروں نے رائٹرز کے سوالات کا جواب نہیں دیا جبکہ متحدہ عرب امارات نے کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا.
Comments
No comments yet - be the first to say something.
Sign in to join the conversation.